27 جنوری ، 2012
لاہور… محکمہ صحت پنجاب نے ادویات کے ری ایکشن سے جاں بحق افراد کی تعداد 100سے گھٹا کر79کر دی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف تصدیق کرچکے ہیں کہ دوا کے ری ایکشن سے سو مریض دم توڑ چکے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ادویات کے ری ایکشن سے کسی مریض کے جاں بحق ہونے کی رپورٹ نہیں ملی جبکہ ادویات کے ری ایکشن سے اب تک 79 اموات کی تصدیق ہوئی ہے،ترجمان کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ادویات کے ری ایکشن سے متاثرہ 119مریض مختلف اسپتالوں سے صحتیابی کے بعد گھروں کو چلے گئے،جبکہ اب بھی ادویات کے ری ایکشن سے متاثرہ267مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ دوسری طرف عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت پنجاب یا تو ادویات کے ری ایکشن سے جاں بحق افراد کی صحیح تعداد بتانے سے قاصر ہے یا پھر وزیراعلیٰ پنجاب کو صحیح بریفنگ نہیں دی جا رہی کیونکہ وہ گزشتہ روز ہی مرنے والوں کی تعداد100 بتا چکے ہیں۔