22 نومبر ، 2015
ٹوکیو......جاپانی ایک مشکل زبان ہے جسے سیکھنا یا بولنا آسان نہیں تاہم جاپان کی ایک مشہور کمپنی نے ایسا میگا فون تیار کرلیا ہے جو جاپانی الفاظ کا تین مختلف زبانوں میں ترجمہ کرسکتا ہے۔
جاپان میں تیار کئے گئے اس میگا فون کا نام’میگا فون یاکو‘ہے جو جاپانی الفاظ کو انگریزی ، چینی اور کورین زبان میں ترجمہ کرکے جاپانی زبان سے نابلد سیاحوں کی مشکل آسان کر سکتا ہے۔
جادوئی صلاحیتوں کے حامل اس انوکھے میگا فون میں جدید ترین سافٹ وئیرانسٹال کیا گیا ہے جس کی بدولت یہ خود کار انداز میں جاپانی الفاظ کو انگریزی ،چینی یا کورین زبان میں ترجمہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جاپان میں آنے والے سیاحوں کیلئے یہ ایک حیر ت انگیز ایجاد ہے کیونکہ جاپان میں انگریز ی زبان بولنے والے افراد کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔