08 مارچ ، 2016
کراچی....جنگ ویب ڈیسک......سری لنکا میںہاتھ پکڑ کر چلنے والے جوڑوں کاپیچھا کرنے پرسیکورٹی ڈائریکٹر برطرف کردیئے گئے۔کولمبو میں جوڑوں کا ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ تھام کرچلنا اس وقت جرم بن گیا جب وہ ایک یادگار پر سیر کے لئے آئے ،تو سیکورٹی محافظوں نے ان کا پیچھا شروع کردیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبو حکومت نے یہ قدم اس لیے اٹھایا کہ ایک سری لنکن جوڑے نے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیو پوسٹ کر دی تھی، جس میں آزادی اسکوائر پر تعینات گارڈز وہاں آنے والے ایسے جوڑوں کا پیچھا کر رہے تھے، جنہوں نے ایک دوسرے کے ہاتھ پکڑ رکھے تھے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کی اشاعت کے بعد جب وسیع تر تنقید کا سلسلہ شروع ہوا تو ملکی نائب وزیر خارجہ نے کولمبو میں آزادی اسکوائر کا دورہ کیا، اور دیکھا کہ وہاں موجود محافظ غیر شادی شدہ جوڑوں کو وہاں سے نکال رہے تھے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے بات کی اور یادگار کی حدود میں سکیورٹی کے ذمے دار ڈائریکٹر کی فوری برطرفی کا حکم دے دیا۔
سری لنکا میں شادی شدہ شہریوں کی طرف سے ایک دوسرے کے لیے محبت کے عوامی اظہار کو ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا جاتا ہےجس سری لنکن جوڑے نے محافظوں کی طرف سے وہاں جانے والے مہمانوں کو ہراساں کیے جانے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شائع کی، اس کا کہنا ہے کہ قومی یادگار کے گارڈز کا موقف یہ تھا کہ اس یادگار کی حدود میں صرف ’بال بچوں والے شادی شدہ جوڑے‘ ہی بیٹھ سکتے تھے۔ کولمبو میں یہ قومی یادگار 1948ء میں سری لنکا کی برطانیہ سے آزادی کی یاد میں تعمیر کی گئی تھی۔