30 اگست ، 2016
ایک نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں دل کے دورے کے بعد ایک تہائی مریضوں کی غلط تشخیص کی جاتی ہے، اس غلط تشخیص سےخواتین زیادہ متاثر ہوتی ہیں ۔
محققین نے برطانیہ کے ادارۂ صحت این ایچ ایس سے حاصل شدہ دل کے دورے کے 6 لاکھ مریضوں کے 9 برس پر محیط اعداد و شمار کا جائزہ لیا،جس سے معلوم ہوا کہ مردوں کے مقابلے میں اس بات کے امکانات 50 فیصد زیادہ ہوتے ہیں کہ عورتوں کی ابتدائی تشخیص حتمی تشخیص سے مختلف ہو۔
برطانیہ میں اپریل 2004ء سے مارچ 2013 ءتک انگلستان اور ویلز کے 243 اسپتالوں میں دل کے دورے کے مریضوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا ۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ ایک لاکھ 98 ہزار کے قریب مریضوں کی ابتدائی تشخیص غلط تھی۔
برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کے مطابق برطانیہ میں ہر سال 28 ہزار خواتین دل کا دورہ پڑنے سے موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔