19 ستمبر ، 2016
امین حفیظ .....آپ نے اپنے خاندان کے افراد یا دوستوں کی شادی کی تقریبات میں ضرور شرکت کی ہوگی ، لیکن لاہور کے ایک ن لیگی ایم پی اے کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں 5 یا 10 ہزار نہیں بلکہ پورے 40 ہزار مہمان شریک ہوئے ، بےپناہ رش اور رنگا رنگ مشاغل کے باعث یہ شادی کی تقریب کم ، میلہ زیادہ لگا ۔
مسلم لیگ ن کے ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کے بیٹے فیصل سیف کھوکھر کی شادی کے موقع پرگھوڑوں کا ڈانس، بینڈ باجے اورڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ہی نہیں، آتش بازی کا بھی دلکش مظاہرہ کیا گیا، تقریب میں تاحدنظر مہمان ہی مہمان تھے، جن کی تعداد پورے 40 ہزار تھی، مہمانوں کی تواضع کیلئے ون ڈش کا اہتمام کیا گیا تھا۔
ولیمے کیلئے 8 پنڈال بنائے گئے تھے جبکہ ہر پنڈال میں پانچ پانچ ہزار کرسیاں سجائی گئی تھیں۔ ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کی شادی ایک میلے کی طرح کرنا چاہتے تھے، اللہ نے خواہش پوری کردی۔
لاہور میں شادی بیاہ کی تقریبات میں 40 ہزار مہمانوں کی آمد نہ صرف ایک ریکارڈ ہے بلکہ انتظامات اور نظم وضبط بھی اپنی مثال آپ ہے۔