شہر شہر
27 نومبر ، 2016

کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائی میں لاکھوں لیٹر ڈیزل ضبط

کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائی میں لاکھوں لیٹر ڈیزل ضبط

ایرانی ڈیزل کی پیٹرول پمپ کے ذریعے فروخت کی اطلاعات پر کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائی میں لاکھوں لیٹر ڈیزل ضبط کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس شوکت علی کی اطلاع پر اے ایس او کی ٹیم نے گذشتہ 2روز میں حاجی اسلم کی سربراہی میں مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں اسمگل شدہ ڈیزل کی فروخت ناکام بنا دی ہے۔

اے ایس او انچارج حاجی اسلم کے مطابق گذشتہ روز پہلا چھاپہ ایک غیر قانونی پیٹرول پمپ پر مارا گیا، جہاں سے 3لاکھ 35ہزار لیٹر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل ضبط کیا گیا، جس کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔

اسی طرح سبزی منڈی کے قریب جنگل گوٹھ میں کارروائی کر کے 10ہزار لیٹر ڈیزل ضبط کیا گیا، جبکہ سپر ہائی وے کے قریب 2مختلف کارروائیوں میں 2ڈپووں سے 2لاکھ 23ہزار لیٹر ڈیزل ضبط کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ اے ایس او کی ٹیم نے ماڑی پور ٹرک اڈے سے 55لاکھ روپے کے اسمگل شدہ 22لاکھ غیر ملکی سگریٹ ضبط کئے ہیں، جنھیں اندرون ملک بھیجا جاریا تھا۔ حاجی اسلم کے مطابق 2روز میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائی ڈی جی کی اطلاعات پر کی گئی ہے۔

 

مزید خبریں :