14 دسمبر ، 2016
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی سال اول کے سالانہ امتحانات برائے 2016ء کے نتائج کا اعلان کردیا ، اس موقع پر ناظم امتحانات کا کہنا تھا کہ انٹر کے امتحانات میں پچھلے کئی سالوں سے پچاس فیصد سے زائد امیدواروں کا کامیابی حاصل نہ کرنا لمحہ فکریہ ہے۔
تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو سرجوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔
ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے کہا کہ ان امتحانات میں اٹھارہ ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی جبکہ تمام پرچوں میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی کامیابی کا تناسب تقریباً 49 فیصد رہا، پری میڈیکل سال اول کے امتحانات میںکل 18332 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ۔
امتحانات میں 18136 امیدوار شریک ہوئے جس میں سے 8870 امیدوار تمام چھ پرچوں میں، 3145 پانچ پرچوں میں، 2117 چار پرچوں میں، 1648 تین پرچوں میں، 1246 دو پرچوں میں جبکہ 849 امیدوار ایک پرچے میں کامیاب ہوئے۔
میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات میں چار امیدوار رجسٹریشن حاصل کر کے امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے دو امیدوار تمام چھ پرچوں میں، ایک امیدوار پانچ پرچوں میں جبکہ ایک امیدوار تین پرچوں میں کامیاب قرار پایا۔