17 جنوری ، 2017
لاہور میں پنجاب یونیورسٹی لاء کالج کے طالب علم کو گارڈ کی موجودگی میں اغوا کر لیا گیا، 15 افراد اسے ہاسٹل سے اٹھا کر لے گئے، تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد یونیورسٹی کی حدود میں پھینک کر فرار ہوگئے، انتظامیہ تاحال کوئی کارروائی نہ کرسکی۔
پنجاب یونیورسٹی لاء کالج کا طالب علم سہیل اپنے ہوسٹل میں موجود تھا کہ 15کے قریب افراد آئے اورگارڈ کی موجودگی میں اسے اٹھا کر لے گئے،گارڈ اسے بچانے کے بجائے خاموش تماشائی کھڑا رہا۔
سہیل نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا ہے کہ 15 افراد اسے گھسیٹتے ہوئے باہر لائے، زبردستی موٹرسائیکل پر بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، اس نے ملزمان کا تعلق طلباء تنظیم سے ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
سہیل نے بتایا کہ ٹوئیٹر پر ایک نظم لکھنے پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، وائس چانسلر نے اسے خود کارروائی کرنے کا یقین دلایا ہے۔
متاثرہ طالب علم نے بتایا کہ اغوا کار تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اسے مسلم ٹاؤن موڑ پر پھینک گئے، ابھی تک واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔