28 جنوری ، 2017
انورزیب...مردان میں پولیس کے مبینہ تشدد اور ضلع بدر کرنے کی کوشش کے خلاف خواجہ سراؤں نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ کیا۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خواجہ سرا ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے پشاور پریس کلب کے باہر دھرنا دیا، جس میں درجنوں خواجہ سراء شریک ہوئے۔
مظاہرین نے حکومت اور مردان پولیس کے خلاف نعرہ بازی کی،ان کا مؤقف تھا کہ مردان پولیس کی سرپرستی میں ان کے مکانات کو تالے لگائے گئے ہیں اور انہیں علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
خواجہ سراؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور ان پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب مردان پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی خواجہ سراء کو بے دخل نہیں کیا گیا بلکہ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی عوامی شکایات پر جائیداد کے مالکان نے انہیں گھروں سے نکالا ہے۔