08 فروری ، 2017
نثار عباس...راولپنڈی پولیس نے اپنے بچے فروخت کرنے والےشخص کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم پسماندہ دیہات کی غریب لڑکیوں سے شادی کرتا ہے اور بچوں کو فروخت کرنے کے بعد بیوی کو طلاق دے دیتا ہے۔
راولپنڈی میں باپ نے اپنا بیٹا مبینہ طورپرایک لاکھ روپے میں فروخت کردیا، پولیس نے چکوال سے برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے صاد ق آباد میں باپ صبح اپنے بیٹے کو ساتھ لے کر گھرسے نکلا، شام کو لوٹا تو بیٹاساتھ نہ تھا، بیوی اپنے لخت جگر کےبارےمیں پوچھ کرتھک گئی، جب اسے جواب نہ ملا تو وہ تھانے پہنچ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اشرف نامی ملزم نے اپنے بیٹے کو زاہد نامی شخص کو فروخت کرکے اس سے ایک لاکھ روپے وصول کیے، ملزم پہلے بھی ایک شادی کر چکا ہے اور ایک بچہ پہلے بھی فروخت کر چکا ہے۔
ملزم پولیس کے سامنے مسلسل بیان بدلتا رہا،اس کا کہنا تھا کہ اس نے بیوی کی رضا مندی سے بچے کو دیا ہے۔
اس کی بیوی آمنہ کے ماموں کا بھی کہناہے کہ ملزم اشرف اپنی سرکاری نوکری اور اسلام آباد میں رہائش کا جھانسہ دے کر پسماندہ دیہاتوں کے غریب خاندانوں کی بیٹیوں سے شادی رچا نے کے بعد اولا د فروخت کردیتا ہے۔