26 مارچ ، 2017
وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے خیبر پختونخوا حکومت پر قومی وسائل ذاتی کاموں کے لئے استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشا بنایا ہوا ہے۔
انہوں نے ایبٹ آباد میں کرکٹ ٹرائل روک کر گراؤنڈ میں وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کے لئے ہیلی پیڈ بنانے کے عمل کو قابل مذمت قرار دیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف کے ایم پی ایز بھی ذاتی کاموں کے لئے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کر رہے ہیں۔وزیرتعلیم سکول کا معائنہ کرنے ہیلی کاپٹر لے کر لکی مروت چلے گئے۔عمران خان قومی امانت میں خیانت کا قوم کو جواب دیں۔
صوبائی حکومت نے سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشا بنایاہے۔ٹمبر کے کاروبار کے لئے بھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب میں سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال پر ریفرنس دائر کرنے کے لئے وکلاء سے مشاورت کی جارہی ہے۔