23 اپریل ، 2017
اسلام آباد والوں نے کتابوں سے دوستی کرنے کی ٹھان لی، نیشنل بک فاونڈیشن کے زیراہتمام قومی کتب میلے میں خریداروں کا ہجوم نظر آیا، بچے بڑے سب ہی من پسند کتابوں کی تلاش میں سرگرداں نظر آئے۔
تین روزہ قومی کتاب میلہ میں سب سے زیادہ رش خواتین کے ناولوں، شعر و ادب، افسانوں اور بچوں کی کہانیوں کے اسٹالز پرنظرآیا، شہری سستی کتابیں خریدنے کے لیے جوق در جوق پہنچے، پاک چائنا کلچرل سینٹر کے باہرکھانے پینے کے اسٹالز پر بھی فیمیلز کا رش تھا، بچوں نے خوب ساری کتابیں خریدیں۔
قومی کتب میلے میں اسٹال سجانے والوں کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کے دور میں بھی کتابوں سے محبت کرنے والوں کی کمی نہیں۔
میلے میں شامل اساتذہ کا کہنا تھا کہ کمپیوٹر کی اہمیت اپنی جگہ لیکن بچوں کی مضبوط بنیاد کتاب ہی دیتی ہے۔
پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر میں فری میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے جبکہ ہال میں بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے لئے ماہرنفسیات اور ماہر امراض اطفال لیکچرز دے رہے ہیں۔