24 اپریل ، 2017
کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اربوں روپے مالیت کی زمین پر غیر قانونی قبضے سے متعلق زمینوں کا ریکارڈ مرتب کرلیا گیا، ریکارڈ میں کے ڈی اے کی اربوں روپے مالیت کی زمین پر قبضے کا انکشاف ہوا ہے۔
کے ڈی اے کی دستاویزات کے مطابق کے ڈی اے کی اربوں روپے مالیت کے 7ہزار 956 پلاٹس پر غیرقانونی قبضہ ہے۔
قبضہ مافیا نے نارتھ کراچی اور گلشن ٹاؤن میں سب سے زیادہ قبضہ کیا ہے، دستاویزات کے مطابق لانڈھی، کورنگی، نارتھ ناظم آباد، میٹروویل، سائٹ اور قصبہ ٹاؤن میں ہزاروں پلاٹس پر قبضہ ہے۔
کے ڈی اے دستاویزات کے مطابق اب تک درجنوں پلاٹ واہ گزار کروائے جاچکے ہیں، ہزاروں افراد نے حکومت کو چالان جمع کروائے لیکن زمین کا قبضہ نہ حاصل کرسکے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کے ڈی اے نے تحقیقاتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیرقانونی قبضے سے متعلق تفصیلات فراہم کردی ہیں۔