29 مئی ، 2017
کراچی کے رضویہ تھانے کی پولیس نے مقابلے میں شدید زخمی ایک ملزم کو اسپتال داخل نہیں کرایا دو دن تک تشویشناک حالت میں تھانے میں رکھنے کی وجہ سے ملزم ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق رضویہ سوسائٹی میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈکیتی کے ایک ملزم ناصر کو پولیس نے شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ملزم ناصر کو 27 مئی کی شام عباسی شہید اسپتال لایا گیا تو اس کی حالت تشویشناک تھی۔
ایم ایل او کے مطابق ملزم کے معائنہ اور طبی امداد کے بعد پولیس نے اسے علاج کیلئے اسپتال داخل نہیں کیا بلکہ پولیس ملزم کو شدید زخمی ہونے کے باجود تھانے لے گئی اوراسے تشویشناک حالت میں تھانے میں ہی رکھا گیا جس سے وہ پیر کی صبح چل بسا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ملزم کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے، جہاں پولیس عام لاش کے طور پر کارروائی کرانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق پولیس حراست کے دوران ہلاک کا پوسٹمارٹم مجسٹریٹ کی نگرانی میں ہوتا ہے۔