30 جون ، 2017
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور ہورہا ہے،شہر میں آج بھی بارش ہونے کا امکان ہے، تاہم بارش ہوئی بھی تو کم ہوگی۔
ادھر کراچی میں نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے سے بارش کا پانی اہم شاہراہوں اور گلی محلوں میں بھرگیا، کئی علاقے زیرآب آگئے، زمین میں شگاف پڑنے لگے۔
کے بی آر سوسائٹی اور نارتھ کراچی سیکٹر تھری کے سیکڑوں مکین چھتوں پر رہنے اور نقل مکانی پر مجبور ہوگئے، نکاسی آب کا کام شروع تو ہوگیا ہے مگر ناکافی عملے کے باعث سست روی کا شکار ہے۔
کراچی میں دو دن کی بارش نے سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کے دعووں کو پانی پانی کردیا، گجر نالے کی مکمل صفائی نہ ہونے سے پانی اطراف کی آبادی اور شاہراہوں پر پھیل گیا۔
ضلع وسطی میں گلبرگ، طاہر ولا اور گجر نالے کے قریب کے بی آر سوسائٹی کے علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، تجاوزات کے باعث گلزار ہجری نالے کا بھی یہی حال ہے۔
کراچی کا علاقہ پرانا گولیمار نامکمل تعمیراتی کاموں کے باعث انتہائی ابتر صورتحال کا شکار ہے جبکہ طوفانی بارشوں سے کئی کئی فٹ گڑھوں میں پانی بھر گیا ہے، ملبے کی جگہ کیچڑ نے لے لی ہے۔
واٹر پمپ، عائشہ منزل، کے ڈی اے چورنگی اور دیگر اہم چوراہے کئی کئی فٹ پانی میں ڈوبے جس سے بدترین ٹریفک جام بھی ہوا، سیکڑوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی خراب ہوئیں اور شہری گھنٹوں سڑکوں پر پھنسے خوار ہوتے رہے۔
مشکل کی اس گھڑی میں خود کو ’انتظامی چیمپئن‘ سمجھنے والے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی بالکل اُسی طرح غائب تھے، جس طرح شہر کے بیشتر علاقوں کی بجلی۔
اردو بازار سے سندھ سیکریٹریٹ اور شاہین کمپلیکس جانے والے نالے کی صفائی نہ ہونے سے سندھ اسمبلی ، سندھ سیکریٹریٹ اور سندھ ہائی کورٹ اور قائد اعظم کی رہائش گاہ وزیرمینشن کے اطراف کئی کئی فٹ پانی دیکھا گیا۔
رین ایمرجنسی کے باوجود بارش کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بلدیاتی اداروں کا عملہ خاصی تاخیر سے حرکت میں آیا، جس کے باعث کئی علاقوں میں بارش کا پانی مساجد اور گھروں میں داخل ہوگیا۔
نہر خیام سمیت محمودآباد، منظور کالونی، پچر پاکستان بازار، اورنگی کے نالوں کی صورتحال بھی صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں کی عدم کارکردگی ظاہر کررہی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں طوفانی بارشوں نے شہر تو کیا شہر خموشاں کو بھی ڈبو دیا، سخی قبرستان سے گزرنے والے برساتی نالے پر تجاوزات کے باعث پانی قبرستان میں داخل ہوگیا، کئی قبریںزمین میں دھنس گئیں۔