کھیل

میچ فکسنگ کی تحقیقات میں پھنسےعمر اکمل خاموشی سے کینیڈا روانہ

عمر اکمل کنیڈین ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کریں گے— فوٹو: فائل

میچ فکسنگ کی تحقیقات میں پھنسے عمر اکمل پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی لے کر خاموشی سے کینیڈا روانہ ہوگئے جہاں وہ جمعرات سے شروع ہونے والی کنیڈین ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شو کاز نوٹس جاری کرکے عمر اکمل کو بدھ کو طلب کیا تھا لیکن وہ پیر کو از خود پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوئےاور ڈھائی گھنٹے میں اپنا بیان ریکارڈ کراکر پہلی دستیاب فلائٹ سے کنیڈا روانہ ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ کے لیے پہلے ہی عمر اکمل کو این او سی جاری کیا ہوا تھا۔ آئی سی سی حکام عمر اکمل سے الگ وضاحت طلب کررہے ہیں تاہم ان سے متنازع بیان کے بارے میں جواب طلبی ٹورنٹو سے وطن واپسی پر طلب کی جائے گی۔

عمر اکمل کو اس بار سنگین بیان پر سخت سزا ہوسکتی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے جب عمر اکمل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ عمر اکمل سے متعلق سوال پر اب میں خاموش رہوں گا کیوں کہ اگر کوئی بات کی توپاکستان میں میڈیا کی شہ سرخیاں بن جائیں گی، میں عمر کے بارے میں کوئی بات نہیں کروں گا۔

خیال رہے کہ عمر اکمل نے ایک ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں یہ انکشاف کیا تھا کہ 2015کے عالمی کپ میں بھارت کے خلاف میچ سے قبل انہیں مبینہ طور پر یہ پیشکش ہوئی تھی کہ وہ دو گیندیں نہ کھیلیں جس کے عوض انھیں دو لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

عمراکمل نے کہا تھا کہ صرف یہی میچ نہیں بلکہ بھارت کے خلاف ہر میچ سے قبل انہیں پیسوں کی پیشکش ہوئی تھی کہ وہ کوئی بھی بہانہ کر کے میچ نہ کھیلیں لیکن بقول ان کے وہ اپنے ملک سے مخلص ہیں لہٰذا ان سے اس موضوع پر بات نہ کی جائے۔

آئی سی سی نے بھی عمر اکمل کے اس انٹرویو کا نوٹس لیا ہوا ہے اور اس بارے میں تحقیقات شروع کردی ہے۔ آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ وہ جتنا جلد ہو سکے عمراکمل سے اس بارے میں بات کرنا چاہیں گی۔

عمراکمل ڈانس پارٹیوں میں شرکت، تھیٹر کے باہر مارپیٹ اور ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کی وجہ سے اکثر شہ سرخیوں میں رہے ہیں۔

گذشتہ سال چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انہیں فٹس ٹیسٹ پاس نہ کرنے پر انگلینڈ سے وطن واپس بھیج دیا تھا۔

عمر اکمل کے متنازع بیان پر انہیں دس لاکھ روپے کا جر مانہ عائد کیا گیا۔ کوچ مکی آرتھر پر تنقید کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان پر تین میچوں کی پابندی اور جرمانہ بھی عائد کیا تھا جبکہ پاکستان سپر لیگ میں مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے لاہور قلندرز نے انہیں ٹیم سے باہر کردیا تھا۔

مزید خبریں :