25 نومبر ، 2018
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ان کے بھائی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت دیدی۔
نیب نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کر رکھا ہے اور ان کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
مسلم لیگ ن اور شہباز شریف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ نیب کی جانب سے انہیں بلیک میل کیا جا رہا ہے اور کینسر کا مریض ہونے کے باوجود انہیں علاج و معالجے کی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
شہباز شریف نے نیب کی جیل کو عقوبت خانے سے تشبیہ دی تھی تاہم گزشتہ نیب نے اس قسم کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب ہر ملزم کی عزت نفس کا خیال رکھتی ہے اور تمام ملزمان کو باقاعدگی سے عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔
ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست بھی دی گئی تھی۔
نیب اعلامیے کے مطابق نواز شریف کو شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی ہے۔
نواز شریف کل اسلام آباد میں شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔