04 جنوری ، 2019
وزارت داخلہ کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے گئے 172 ناموں کی فہرست جائزہ کمیٹی کے سپرد کر دی گئی ہے۔
ای سی ایل جائزہ کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری تھری کرتے ہیں جب کہ دیگر اراکین میں جوائنٹ سیکرٹری لاء، جوائنٹ سیکرٹری اور سیکشن افسر ای سی ایل شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری تھری سے جے آئی ٹی کے سربراہ احسان صادق کی غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں ای سی ایل میں ڈالے گئے 172 ناموں کی فہرست جائزہ کمیٹی کے سپرد کر دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں کا ازسرنو جائزہ لینے کے لیے جے آئی ٹی ارکان جائزہ کمیٹی میں پیش ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے ارکان تیاری کے ساتھ جائزہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے جس کے لیے جے آئی ٹی سربراہ احسان صادق نے ای سی ایل جائزہ کمیٹی سے وقت مانگ لیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کمیٹی کے اجلاس کی تاریخ آئندہ چند میں طے کر لی جائے گی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی حکومت نے جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی سفارش پر سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کر دیئے تھے۔
سپریم کورٹ نے 31 دسمبر کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے برہمی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ای سی ایل میں شامل کیے گئے 172 افراد کے ناموں کو ای سی ایل جائزہ کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔