سندھ میں نئے سال کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا

سندھ کے شہر ٹنڈو الٰہ یار کی تحصیل چمبڑ کے گوٹھ نظر علی کی رہائشی 7 ماہ کی کومل میں پولیو کیس کی تصدیق ہوئی: ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل— فوٹو:فائل

سندھ میں سال 2020 کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا، ٹنڈو الٰہ یار میں 7 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 

ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل کے مطابق سندھ کے شہر ٹنڈو الٰہ یار کی تحصیل چمبڑ کے گوٹھ نظر علی کی رہائشی  7 ماہ کی کومل میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ متاثرہ بچی کو مختلف اوقات میں چلائی جانے والی انسداد پولیو مہم کے دوران 3 مرتبہ پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

رواں سال میں خیبرپختونخوا کے شہر بنوں میں بھی پولیو کا ایک کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں 22 دنوں میں پولیو کیسز کی تعداد 2 ہوگئی۔ 

 دوسری جانب بلوچستان میں بھی پولیو کے نئے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق قلعہ عبداللہ کی یونین کونسل حبیب زئی سے 18 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

متاثرہ بچی میں پولیو کی تصدیق کے لیے نمونہ 31 دسمبر کو حاصل کیا گیا تھا، اس طرح نیا کیس رپورٹ ہونے سے سال 2019 میں بلوچستان سے رپورٹ ہونے والے پولیو کے کیسز کی تعداد 12ہوگئی۔

اس متاثرہ بچی کو بھی 3 بارپولیو سےبچاؤکے قطرے پلائے گئے تھے جبکہ متاثرہ بچی کا خاندان پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں مقیم رہا ہے۔

 پولیو کے حوالے سے سال 2019 بدترین رہا جب ملک بھر میں 141 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، یہ ملک میں 2014 کے بعد پولیو کی بلند ترین شرح ہے۔

مزید خبریں :