26 جنوری ، 2020
پندرہ سال پہلے امریکن ٹی وی پر ایک بوڑھے ترک اور اُس کی بیوی کو دکھایا گیا، بوڑھا ترک باشندہ ترکی کے ایک چھوٹے قصبے میں رہتا تھا، اُس کی بیوی اور بچے بھی ساتھ رہتے تھے، اس کی عمر 124سال اور بیوی 120سال کی تھی۔
اُس سے ٹی وی اینکر نے پوچھا کہ آپ کی اتنی لمبی عمر کا سبب کیا ہے، اس بوڑھے نے بتایا ہم نے تمام زندگی صرف دودھ، دہی، پنیر کے علاوہ کچھ نہیں کھایا اور ہماری اولادوں کی عمریں بھی 90سال سے زائد ہیں۔
سننے والوں سے رائے طلب کی کہ کتنے فیصد لوگ اس غذا پر گزارا کرنے کیلئے تیار ہیں تو کروڑوں سننے والوں میں سے کسی نے اس غذا کی ہامی نہیں بھری اور کہا ایسی لمبی زندگی کا کیا فائدہ جو صرف ڈیری فارم تک محدود ہو، بھلے ہم صرف 50ساٹھ سال زندہ رہیں مگر کھا کر مریں، یہ بدرجہ بہتر ہے۔
حال ہی میں نیویارک کے ایک باشندے کو ٹی وی پر دکھایا گیا اس کا 111سالہ برتھ ڈے منایا گیا وہ خود چل کر اپنے دوستوں میں آیا جن کو اُس نے اپنے گھر میں مدعو کیا ہوا تھا۔
اس نے کیک کاٹا، دوستوں نے خوب تالیاں بجائیں، اُس سے پوچھا گیا اُس کی لمبی عمر کا راز کیا ہے تو اس نے بتایا وہ ساری زندگی صرف سبزیاں، پھل، شہد، چاکلیٹ، لہسن، دار چینی اور زیتون کا تیل روزانہ بلا ناغہ استعمال کرتا رہا ہے اور صبح ایک میل واک کرکے ناشتہ کرتا ہے۔
پھر زیادہ خوش رہنے کے لئے نئے اور اچھے دوست بناتا ہے اور خوشگوار زندگی گزار رہا ہے البتہ اس نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کوئی دوا استعمال بھی کرتا ہے یا نہیں۔
قارئین آج سے 40سال پہلے میں سنگاپور گھومنے گیا، وہاں اُن دنوں سگریٹ اور چیونگم کے خلاف ٹی وی پر حکومت کی مہم جاری تھی، وہ سگریٹ پینے کے نقصانات سے آگاہ کرتے تھے اور ہر ایک ایڈورٹائزمنٹ کے بعد مختلف زاویے سے پھیپھڑوں کے سرطان سے آگاہ کرتے تھے، کافی متاثر کن انداز میں عوام کو سمجھاتے اور سگریٹ چھوڑنے کے آسان طریقوں سے آگاہ کرتے تھے۔
اتفاق سے اُن دنوں میں بھی سگریٹ پیتا تھا، اُس ایک ہفتے میں بار بار یہ Anti Smokingکمپین سے متاثر ہوکر میں نے سگریٹ پینا چھوڑ دیا، کچھ دن تکلیف ضرور ہوئی مگر پھر آہستہ آہستہ یہ بُری عادت چھوٹ گئی۔
اس کا فائدہ یہ ہوا کہ پہلے کھیل میں سانس جلدی پھول جاتا تھا اور واک میں بھی جلد تھکن محسوس ہوتی تھی، وہ ختم ہو گئی، پھر میں نے مختلف کتابوں سے خصوصی طور پر مطالعہ کے ذریعے اچھی صحت مند زندگی گزارنے کی تدابیر پڑھیں۔ ان سے میں اپنے قارئین کو آگاہ کرتا ہوں۔
سب سے زیادہ ضروری صبح کی واک ہے، آپ نے سوچا کہ آپ نے 24گھنٹوں میں کبھی خود اپنے لئے کتنے گھنٹے مخصوص کئے، اکثر نے کبھی نہیں سوچا ہوگا۔ آئیے آج سے ضرور سوچیں اور صرف 2 گھنٹے آپ کی زندگی کو صحت مند بنا دیں گے۔
صبح سویرے اُٹھیں اور واک کے لئے نزدیکی پارک میں چلے جائیں اگر پارک میں نہیں جانا چاہتے تو اپنے گھر میں ہی واک کریں، بے شک اپنے کمرے میں 1گھنٹہ واک کریں۔ پھر ایک شربت بناکر گھر کے فریج میں رکھ لیں، اس میں ایک پیالہ ادرک کا جوس، ایک پیالہ لہسن کا جوس، ایک پیالہ سیب کا سرکہ اصلی اور ایک پیالہ شہد ان چاروں کو ملا کرمکس کر لیں اور نہار منہ چار کھانے کے چمچے روزانہ استعمال کریں۔
یہ ایک ماہ سے 2ماہ کے لئے کافی ہو گا، مگر آپ نے تمام زندگی اس کو جاری رکھنا ہے، اس سے آپ کے دل کی شریانوں میں خون نہیں جمے گا، ناشتہ میں زیادہ سے زیادہ فروٹ، سلاد، کھجور، انجیر، نٹس، 2ابلے ہوئے انڈے، دودھ، قہوہ یا گرین ٹی کے ساتھ لیں۔
موسم کے لحاظ سے ہر فروٹ مثلاً کیلا، آڑو، سیب، ناشپتی، مالٹا، کینو، مسمی اور آم وغیرہ استعمال کریں، آم میں کثیر تعداد میں آئرن موجود ہوتا ہے، خون کی کمی کے لئے اور حاملہ خواتین کے لئے بہترین ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لئے آم نقصان دہ نہیں بلکہ فائدہ مند ہے، الغرض موسم کے لحاظ سے سبزیوں اور پھلوں کا استعمال نہایت ہی مفید اور فائدہ مند ہے۔ اسی طرح دوپہر کے کھانے میں یخنی، سوپ، سلاد اور سبز سبزیاں مثلاً پھول گوبھی، بند گوبھی، پتوں والے شلجم، پالک، بھنڈی، ہرے پتے والی مولی، ساگ وغیرہ، شوربے والے سالن، مختلف دالیں، سی فوڈز، چپاتی اور آخر میں پھر فروٹ ضرور کھائیں۔
چاول کا کم سے کم استعمال کریں، رات کے کھانا میں ہلکی غذائیں پیٹ بھر کر کھائیں مگر کھانے سے پہلے جو ایک گھنٹہ بچا تھا، پھر واک کریں یا ورزش، کھیل جو آپ کو پسند ہو، ہر حال میں جاری رکھیں۔ قارئین جب میں سنگاپور گیا تھا تو اس وقت میرا وزن 85کلو، ہائٹ 5فٹ 10انچ تھی۔
آج میرا وزن 72کلو ہے، میں نے 40سال میں پابندی سے آج تک یہ سب جاری رکھا ہوا ہے الحمدللہ کسی دوائی کی ضرورت نہیں پڑی جبکہ میرے 90فیصد ہم عمر دوست کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا ہیں اور دواؤں کے زیر اثر جا چکے ہیں مگر صرف 2گھنٹے اپنے لئے نہیں نکال سکتے۔
حتیٰ کہ بہت سے تو نیند کی گولی کے بغیر سو بھی نہیں سکتے، بہت سے دل اور گردوں کی بیماریوں میں مبتلا ہیں، اگر آپ آج سے تہیہ کر لیں کہ ایک گھنٹہ صبح اور ایک گھنٹہ شام اور جو غذا کا چارٹ اوپر لکھا ہے، پر عمل کریں، نیز فاسٹ فوڈ، پیزا اور کولڈ ڈرنک وغیرہ سے دور رہیں البتہ ہر موسم میں گھر کا بنا ہوا جوس استعمال کریں۔ (میں نے اپنے آپ کو آج تک ان سب چیزوں سے دور رکھا ہوا ہے) تو زندگی میں آپ کو فرق محسوس ہونا شروع ہو جائے گا اور آہستہ آہستہ دوائوں کی ضرورت کم ہونا شروع ہو جائے گی اور آپ صحت مند زندگی کی طرف رواں دواں ہوں گے۔