عاصم اظہر کی مایوس مداحوں سےمعذرت اور پیغام

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ ’تیار ہیں‘ سے مایوس مداحوں کو گلوکار عاصم اظہر نے پیغام دے دیا۔

چند روز قبل پی ایس ایل 5 کا آفیشل ترانہ ’تیار ہیں‘ ریلیز کیا گیا تھا جس پر مداحوں کی جانب سے مایوسی اور تنقیدی ردِعمل سامنے آیا تھا۔

مداحوں کی جانب سے اس ترانے کے فنکاروں پر بھی تنقید کی جارہی تھی اور اس گانے کا موازنہ پاکستان سپر لیگ کے پرانے ترانوں سے کرکے پرانے ترانوں کو بہتر قرار دیا گیا۔

اس تمام تر صورتحال کے بعد پی ایس ایل 5 کے آفیشل ترانے کے گلوکار عاصم اظہر کی جانب سے بھی ردِعمل سامنے آیا ہے اور انہوں نے مداحوں کو ایک پیغام دیا ہے۔


عاصم اظہر نے اپنے ٹوئٹر پر پیغام دیا کہ ’کرکٹ کے جنونی مداح ہونے کی حیثیت سے میں یہ اچھی طرح سمجھ سکتا ہوں کہ میرے پاکستانیوں کے لیے کرکٹ اور پی ایس ایل کی کیا اہمیت ہے‘۔

گلوکار نے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنے مداحوں سے معافی مانگتا ہوں کہ میں ان کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکا، مجھے معلوم ہے کہ آپ تمام لوگ پورا سال اس وقت کا انتظار کرتے ہیں لیکن ہر کوئی اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتا ہے، کچھ مختلف اور اپنے کمفرٹ زون سے باہر آکر کرنے کی کوشش کرتا ہے وہ بھی اچھے ارادے کے ساتھ اپنے ملک اور کرکٹ کے لیے‘۔

عاصم اظہر نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ’وہ لوگ جنہیں یہ گانا پسند آیا میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ایک مرتبہ پھر میں ان سے معافی مانگتا ہوں جو مایوس ہوئے‘۔

گلوکار نے لکھا کہ ’میں اپنے پاکستانیوں سے چند باتیں اور کہنا چاہتا ہوں کہ پی ایس ایل کے ترانے کوئی مقابلہ نہیں ہے، آپ کے پاس اپنی پسند اور نا پسندیدگی کا اظہار کرنے کا حق ہے لیکن آپ کو یہ چیز سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہم سب کا اسے بنانے کا صرف اور صرف ایک ہی مقصد ہے اور وہ کرکٹ ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پی ایس ایل پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، پی ایس ایل کے سارے ترانے ہمارے ترانے ہیں، اگر آپ کو کسی نہ کسی وجہ سے یہ ترانہ نہیں پسند تو اس کے باوجود بھی آپ کو اسے انجوائے کرنا چاہیے‘۔

پیغام کے آخر میں عاصم اظہر نے لوگوں سے درخواست کی آپ لوگ تنقید کریں، کسی کے حوالے سے ذاتی باتیں نا کریں۔

خیال رہے کہ عاصم اظہر سے قبل بھی گلوکار علی ظفر نے مداحوں کو پیغام دیا تھا کہ ’میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ تمام فنکاروں کی کاوشوں کی اتنی ہی حوصلہ افزائی کریں، ہم سب ایک بڑا خاندان ہیں، پی ایس ایل اور ہماری موسیقی پاکستان سے ہے‘۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پی ایس ایل 5 کا آفیشل ترانا ’تیار ہیں‘ ریلیز کیا گیا تھا جسے گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اور عاصم اظہر نے گایا جب کہ اس کی ہدایت کاری معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان اور کمال خان نے کی ہے۔

مزید خبریں :