10 مارچ ، 2020
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کابینہ اجلاس میں چینی کے معاملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کو بھی مزید اختیارات کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوص برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر گفتگو ہوئی، 12 ایجنڈا آئٹمز میں سے 11 منظور کیے گئے جبکہ وزیراعظم کو سیکرٹریٹ ملازمین کی ہڑتال پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی و وفاقی ملازمین کو یکساں تنخواہیں ملنی چاہیے۔
فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ کابینہ کو کورونا وائرس کے بعد کی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جبکہ معاون خصوصی زلفی بخاری اور ظفر مرزا نے طلبہ کے والدین سے بات چیت کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کے استعفے کی منظوری دے دی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے آٹا و چینی بحران پر کہا کہ چینی آٹا بحران کی رپورٹ سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور وفاقی کابینہ کو چینی بحران پر بھی بریف کیا گیا جبکہ ڈی جی ایف آئی اے نے کابینہ سے رپورٹ پر مزید وقت مانگتے ہوئے بتایا کہ چینی کے بارے میں فارنزک رپورٹ ہونا ضروری ہے۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چینی کے حوالے سے رپورٹ جلد فراہم کی جائے جبکہ ارکان کی اکثریت کا یہ نکتہ نظر تھا کہ آٹا و چینی بحران کی رپورٹ کو جلد عام کیا جائے۔
فرودس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ سیکرٹری داخلہ نے چینی کے بارے میں کمیٹی کی پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا جبکہ چینی کے معاملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کو بھی مزید اختیارات کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کمیٹی بعض معاملات کی تحقیق کے لیے مخصوص ٹیمیں بنانے کی مجاز ہوگی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے چینی ذخیرہ اندوزوں سے متعلق معاملات سامنے لانے کی ہدایت کی ہے اور آٹا اور چینی بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے گی۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چینی کے معاملے کی تحقیقاتی کمیٹی کو نیا ٹاسک دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے تحقیقاتی کمیٹی کو مسابقتی کمیشن کے کردار کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی اورکہا کہ مسابقتی کمیشن جس نے سارے معاملے کی نگرانی کرنی ہوتی ہے، اس معاملے میں خاموش تماشائی کیوں بنا رہا؟
فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو مختلف وزارتوں کے عوامی مفاد کے منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے 16 اداروں کی مکمل نجکاری کی سفارش کی ہے جبکہ مختلف وزارتوں کی جانب سے اداروں کو ضم کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے نجکاری سے متعلق قوانین کو ازسر نوترتیب دینے کی ہدایت کی جبکہ عبدالمجید خان اور ظہیر بیگ کو یوٹیلٹی اسٹورز بورڈ کا رکن تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
کورونا وائرس سے متعلق معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال کنٹرول میں ہے اور ٹاسک فورس بھی کام کر رہی ہے، چاروں صوبوں کے محکمہ صحت بھی ٹاسک فورس میں شامل ہیں جبکہ کورونا وائرس کے زیادہ تر کیسز کا تعلق سندھ سے ہے۔