منتقلی کے دوران شیرکی ہلاکت کی تحقیقات میں اہم انکشاف

اسلام آباد کے مرغزار چڑیاگھر سے منتقلی کے دوران شیرکی ہلاکت کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ شیر کو بھوکا پیاسا رکھا گیا تھا۔

شیرکی ہلاکت کی میڈیکل رپورٹ جیونیوز نے حاصل کرلی جس کے مطابق شیر بھوک پیاس سے لاغر ہوچکا تھا، منتقلی کے دوران شیر کیلئے جگہ انتہائی کم تھی۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق شیر کی منتقلی کے دوران بھی وائلڈ لائف قوانین کی خلاف ورزی کی گئی، خون نکلنے کی وجہ سے پھیپھڑوں کا رنگ کالا ہوچکا تھا۔

رپورٹ کے مطابق شیر کو کھانا دیا گیا نہ ویکسین، پھیپھڑوں اور معدے میں سوجن بھی تھی۔

رپورٹ کے مطابق دوران سفر مناسب جگہ نہ ملنے سے شیر کا دم بھی گُھٹا۔

خیال رہے کہ 30 جولائی کو اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث ببر شیر اور شیرنی ہلاک ہو گئے تھے۔

جیو نیوز کو موصول ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیر کو کچھار سےنکالتے وقت عملے کی جانب سے بدانتظامی کی گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عملے نے کچھار میں آگ لگائی، ڈنڈوں سے ڈرانے پرشیربوکھلا گیا۔

ذرائع کے مطابق چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت کے باعث شیرنی ہلاک ہو گئی جب کہ ببر شیر زخمی ہوگیا۔

بعد ازاں شیر کو مرغزار چڑیا گھر سے لاہور منتقل کیا جا رہا تھا کہ دوران منتقلی ببر شیر بھی ہلاک ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق پہلےبھی جانوروں کی منتقلی کےدوران ہرن ، کئی جانوراورپرندے زخمی ہوئے جب کہ جانوروں کی منتقلی کےدوران 3 نیل گائے، ایک شترمرغ بھی ہلاک ہوچکا ہے۔

مزید خبریں :

بھینس کا قومی دن

بھینس کا قومی دن

02 مارچ ، 2021