07 دسمبر ، 2021
سلمان خان کے پرائیویٹ باڈی گارڈ شیرا کو کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کے لیے سکیورٹی اسکواڈ فراہم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے باڈی گارڈ شیراکی ذاتی سکیورٹی کمپنی ' ٹائیگر سکیورٹی' کو راجستھان کے سکس سینس فورٹ میں ہونے والی وکی اور کترینہ کی شادی کیلئے سکیورٹی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وکی اور کترینہ کی شادی کی تقریب 9 دسمبر کو ہوگی جس کے لیے کترینہ کی بہن بھی جے پور پہنچ گئی ہیں۔
اس کے علاوہ کترینہ اور وکی اپنے خاندان اور مہمانوں کے ہمراہ ممبئی سے جے پور پہنچے جس کے بعد وہ 15 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ راجستھان کے ضلع سوائی مدھوپور کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا گزشتہ ماہ سے یہ دعویٰ کررہا ہے کہ کترینہ اور وکی کی شادی دسمبر کی 9 تاریخ کو ہوگی لیکن تاحال کترینہ اور وکی نے اپنی شادی سے متعلق خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔