14 مارچ ، 2023
یورپ میں ایک ہی روز امارات ائیرلائن کی 3 مختلف پروازوں کو ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جن میں سے ایک پرواز نے ٹیک آف کے 5 گھنٹے بعد واپس میلان میں لینڈنگ کی جبکہ دیگر دو کو برطانیہ کے مختلف ائیرپورٹ پر اتارا گیا، تینوں واقعات 13 مارچ کو پیش آئے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق امارات ائیر کی پرواز ای کے 205 نے اٹلی کے مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر 3:45 بجے میلان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے نیویارک کیلئے ٹیک آف کیا۔
روانگی کے ڈھائی گھنٹے بعد طیارہ بحر اوقیانوس کے اوپر تھا جب پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر واپس یوٹرن لیا۔ رجسٹریشن A6EUD کے حامل ائیر بس A380-861 نے روانگی کے 5 گھنٹے بعد واپس میلان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
اسی طرح دبئی سے صبح 8:06 بجے لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ نیشنل ائیرپورٹ کیلئے اڑان بھرنے والی پرواز ای کے 1 سوا 7 گھنٹے کی مسافت طے کرکے منزل پر پہنچی تو طیارے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی۔
بعد ازاں رجسٹریشن A6EVE کے ائیربس A380-842 طیارے نے لندن کے گیٹک ائیرپورٹ پر باحفاظت لینڈنگ کی۔
دبئی سے ہی صبح 10:11 بجے لندن کے لیے اڑنے والی امارات ائیر کی ایک اور پرواز ای کے 29 لگ بھگ سوا 7 گھنٹے کا سفر طے کرکے برطانیہ پہنچی تو پائلٹ فضا میں کئی چکر کاٹنے کے باوجود طیارے کو لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر لینڈ نہ کراسکا اور رجسٹریشن A6EEY کے حامل ائیر بس A380-861 طیارے نے بعد ازاں برمنگھم انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
اگرچہ ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم 3 گھنٹے کے دورانیے میں امارات ائیرلائن کی ائیر بس A380 سے آپریٹ کی گئی تین پروازوں کو یورپ میں ہنگامی صورتحال پر سوشل میڈیا پر ایوی ایشن ماہرین چہ میگویاں کر رہے ہیں۔