15 جون ، 2023
سمندری طوفان بپر جوائے کے زیر اثر علاقوں میں طوفان کے شدید اثرات سامنے آرہے ہیں جہاں کیٹی بندر، ٹھٹہ، سجاول اور بدین میں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
کیٹی بندر میں تیز بارش اور طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں جس کے باعث شہر میں چھتیں اڑگئیں جب کہ شدید طوفانی ہواؤں کی وجہ سے پول بھی گر پڑے ہیں۔
طوفان کے مرکز میں 110 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ سمندر میں شدید طغیانی ہے اور 30 فٹ تک لہریں بلند ہورہی ہیں۔
بدین اور حیدرآباد میں بھی موسلا دھار بارش
بدین کی ساحلی پٹی پر بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے جہاں تیزہواؤں سے ساحلی پٹی کے اطراف قائم ماہی گیروں کے گھر گرگئے۔
ماہی گیروں کا کہنا ہےکہ ضلعی انتظامیہ نے پوری ساحلی پٹی پر صرف2 ریلیف کیمپ قائم کیےہیں۔
ادھر حیدرآباد شہر، لطیف آباد اور قاسم آباد میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جب کہ بارش کے بعد 22 فیڈر سے بجلی کی سپلائی معطل معطل ہوگئی۔
انتظامیہ نے طوفان کی وجہ سے شہر کو مکمل طور پر خالی کرالیا ہے، ساحلی علاقوں سے 73 ہزار سے زیادہ افراد کومحفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق کیٹی بندر اورگرد و نواح میں 12 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پرمنتقل کیا کیا گیا ہے، شہر سے لوگوں کا انخلا مکمل کرلیا گیا ہے۔