31 دسمبر ، 2012
کراچی… صدر آصف علی زرداری نے انسداد پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو سے پاک معاشرہ بینظیربھٹو کا خواب تھا جبکہ آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو ٹیموں پر حملے تشویش ناک ہیں۔ شہید رضاکاروں کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انسداد پولیو سے متعلق بلاول ہاوٴس کراچی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور خانہ کعبہ کے متولی شیخ عبدالقادر الشبیہہ نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے۔ تقریب میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے انسداد پولیو سے متعلق رپورٹس پیش کیں۔آئی جی سندھ نے کراچی میں انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی پیش کی۔صدر مملکت نے کہا کہ پولیو سے بچاوٴ کیلئے کام کرنے والی ٹیموں کی سیکیورٹی مزید موثر بنائی جائے۔تقریب کے دوران خانہ کعبہ کے متولی شیخ عبدالقادر الشیہبہ نے انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی۔تقریب کے دوران وزیراعظم کی مشیر شہناز وزیرعلی نے بتایا کہ ملک میں پولیو کے چونتیس کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے چار سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ تقریب سے خطاب میں پاکستان میں اقوام متحدہ کی سفیر برائے انسداد پولیو آصفہ بھٹو نے کہا کہ کسی ایک جگہ نہیں بلکہ مختلف جگہوں پر مہم شروع کی جائے۔ آصفہ بھٹو نے کہا کہ پولیو سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔