Time 04 جولائی ، 2023
صحت و سائنس

کراچی شیدی گوٹھ میں ہیضے کی وبا پھیل گئی، خاتون جاں بحق

علاقے کے سرکاری اسپتال میں ہیضے سے متاثرہ 300 سے زائد افراد کو لایا گیا— فوٹو: فائل
علاقے کے سرکاری اسپتال میں ہیضے سے متاثرہ 300 سے زائد افراد کو لایا گیا— فوٹو: فائل

کراچی میں شیدی گوٹھ گڈاپ ٹاؤن میں ہیضے کی وبا پھیل گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق  جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔

علاقے کے سرکاری اسپتال میں ہیضے سے متاثرہ 300 سے زائد افراد کو لایا گیا،ڈسٹرک ہیلتھ آفس کے حکام کا کہنا ہے کہ گوٹھ کا پانی مضر صحت ہونے سے ہیضہ پھیلا ہے، پانی کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ضلع ملیر کے شیدی گوٹھ میں اب تک 259 سے زائد افراد بشمول بچے و خواتین متاثر اور  ایک خاتون جاں بحق ہوئی ہے جبکہ اہل علاقہ کے مطابق وبا نے 600 سے زائد افراد کو متاثر اور 4 افراد کی زندگیاں چھین لی ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈائریا پھیلنے کی بنیادی وجہ پانی کا مضر صحت ہونا ہے جس کیلئے واٹر بورڈ حکام کو درخواست کردی گئی ہے۔

متاثرین کو سندھ گورنمنٹ اسپتال میمن گوٹھ منتقل کیا گیا جہاں اس وقت بھی دس کے قریب مریض زیرعلاج ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ افراد میں سے تین میں ہیضے کی تصدیق ہوئی جبکہ باقی افراد کے ہیضے کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :