29 جولائی ، 2023
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 10 اگست کو شروع ہونے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے فزیکل ٹکٹس کی ضرورت ہو گی، ریاستی میزبان کرکٹ ایسوسی ایشنز ٹکٹوں کی قیمتوں کو حتمی شکل دیں گی۔
ریاستی میزبان کرکٹ ایسوسی ایشنز کو 31 جولائی تک قیمتیں فائنل کرنے کا کہا گیا ہے،ورلڈ کپ کے شیڈول میں بھی ردو بدل اگلے دو تین روز میں ہو گا، اس کے علاوہ آن لائن ٹکٹیں خریدنے کے بعد کلیکشن سینٹرز سے فزیکل ٹکٹس لینا ہوں گے۔
کلیکشن سینٹرز بڑی تعداد میں بنائے جائیں گے تاکہ بدمزگی نہ ہو، ان سینٹرز کو اسٹیڈیم کے علاوہ جگہوں پر قائم کیا جائے گا۔
دوسری جانب سیکرٹری بھارتی بورڈ جے شاہ نے ای ٹکٹس کے حوالے سے پہلے ہی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق ای ٹکٹس کی سہولت نہیں ہو گی فزیکل ٹکٹس پر انٹری ہو گی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ریاستی میزبان کرکٹ ایسوسی ایشنز کو بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کے لیے ٹکٹوں کا کوٹہ رکھنے کا بھی کہہ دیا گیا ہے،ایسوسی ایشنز بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کو 300 ہاسپیٹیلی ٹکٹس فی میچ دیں گی۔
لیگ میچ کی 1295، بھارت کے میچ کی 1355 ٹکٹیں مہیا کی جائیں گی، ایسوسی ایشنز بھارتی بورڈ کو پانچ سو جنرل ٹکٹس فی میچ فری دیں گی۔
آئی سی سی اور بھارتی بورڈ اگر اضافی ٹکٹیں خریدنا چاہیں گے تو ایسوسی ایشنز انہیں مہیا کریں گی، اس کے علاوہ تمام ایسوسی ایشنز کو بارش سے گراؤنڈز کو بچانے کے لیے پورے گراؤنڈز کے لیے کورز کا پابند کر دیا گیا ہے۔