فلم 3 ایڈیٹس کے معروف اداکار اکھل مشرا کچن میں کام کرتے ہوئے گِر کر چل بسے

اکھل مشرا نے تھری ایڈیٹس میں لائبریرین دوبے کا کردار نبھایا تھا جو آج بھی مقبول ہے__فوٹو: فائل
اکھل مشرا نے تھری ایڈیٹس میں لائبریرین 'دوبے' کا کردار نبھایا تھا جو آج بھی مقبول ہے__فوٹو: فائل

بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار اکھل مشرا کچن میں کام کرتے ہوئے گر کر انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکھل مشرا کی موت کی تصدیق ان کی اہلیہ سوزین برنرٹ نے کی۔

جوڑے کے قریبی ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ 58 سالہ اکھل گزشتہ کچھ عرصے سے بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا تھے، وہ اسٹول پر بیٹھے کچن میں کچھ کررہے تھے جب وہ سلپ ہوکر گر پڑے، اس حادثے میں اداکار کے سر پر چوٹ لگی اور جب انہیں اٹھایا گیا تو کچن میں خون ہی خون تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت اکھل کی اہلیہ سوزین برنرٹ شوٹنگ کے سلسلے میں حیدرآباد میں تھیں جو اطلاع ملتے ہی فوری طور پر اپنے گھر پہنچیں، لیکن تب تک ان کے شوہر جان کی بازی ہار چکے تھے، بعد ازاں اداکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اکھل مشرا نے تھری ایڈیٹس میں لائبریرین 'دوبے' کا کردار نبھایا تھا جو آج بھی مقبول ہے۔

اس کے علاوہ وہ کئی معروف فلموں میں بطور معاون اداکار بھی آئے جس میں شاہ رخ خان کی سپر ہٹ فلم ڈان شامل ہے۔

اکھل مشرا نے کئی ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا جن میں اترن، دو دل بندھے ایک ڈور سے، پردیس میں ملا کوئی اپنا وغیرہ شامل ہیں۔

مزید خبریں :