کیمسٹری کا نوبیل انعام کوانٹم ڈاٹس دریافت کرنے والے 3 سائنسدانوں کے نام

کوانٹم ڈاٹس کو ایل ای ڈیز اور ٹی وی میں استعمال کیا جاتا ہے / اے پی فوٹو
کوانٹم ڈاٹس کو ایل ای ڈیز اور ٹی وی میں استعمال کیا جاتا ہے / اے پی فوٹو

رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنسز نے 2023 کے نوبیل انعام برائے کیمیا کا اعلان کردیا ہے۔

سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں ہونے والی تقریب میں کیمسٹری کے شعبے میں 2023 کا نوبیل انعام 3 امریکی سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا گیا۔

میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماؤنگی باؤندی، کولمبیا یونیورسٹی کے لوئس بروس اور نانو کرسٹلز ٹیکنالوجی انکارپوریشن کے الیکسی ایکیموف کو کوانٹم ڈاٹس کی دریافت اور اس حوالے پیشرفت کرنے پر یہ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنسز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوانٹم ڈاٹس ننھے نانو پارٹیکلز ہوتے ہیں اور ان سے ٹیلی ویژن اور ایل ای ڈی لیمپس کی روشنی پھیلتی ہے جبکہ وہ ڈاکٹروں کو رسولی ٹشوز ہٹانے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ کوانٹم ڈاٹس کو متعدد دیگر کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ تینوں سائنسدان نانو ورلڈ کی کھوج کے بانیوں میں شامل ہیں۔

نوبیل انعام کے ساتھ ساتھ انعامی رقم بھی تینوں سائنسدانوں میں تقسیم کی جائے گی۔

پروفیسر ماؤنگی باؤندی نے نوبیل انعام کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میں بہت حیران اور شاک ہوں، میں نے اس کی توقع نہیں تھی کی'۔

خیال رہے کہ 2022 میں امریکا کی کیرولین Bertozzi، ڈنمارک کے مورٹین میلڈل اور امریکا کے ہی کارل بیری شارپ لیس کو مالیکیولر بلڈنگ بلاکس کے باہم ملاکر مرکبات تیار کرنے کی دریافت پر کیمسٹری کا نوبیل انعام دیا گیا تھا۔

اس سے قبل 2 اکتوبر کو نوبیل کمیٹی نے کووڈ 19 کی وبا سے لڑنے کے لیے ایم آر این اے ویکسین تیار کرنے میں مدد فراہم کرنے والے 2 سائنسدانوں کو طب کا نوبیل انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔

اسی طرح 3 اکتوبر کو امریکا، جرمنی اور سویڈن کے سائنسدانوں کو ایٹم کے الیکٹرونز پر تحقیق کے لیے فزکس کا نوبیل انعام دیا گیا۔

آئندہ دنوں میں ادب،امن اور اقتصادیات کے نوبیل انعام کے اعلانات بھی کیے جائیں گے۔

انعام پانے والوں کو یہ انعامات الفریڈ نوبیل کی برسی کے موقع پر 10 دسمبر کو دیے جائیں گے۔

مزید خبریں :