06 مارچ ، 2024
بھارت: شادی کےچند ہفتوں بعد نئی نویلی دلہن کو شوہر نے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجستھان کے ضلع جھالاوان میں پیش آیا جہاں شوہر نے اپنی دلہن کو ہی تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔
پولیس کا بتانا ہےکہ راجا رام تنور اور سنیتا کی منگنی ایک سال قبل ہوئی تھی لیکن بعد میں سنیتا کی فیملی نے منگنی توڑ دی، منگنی ٹوٹنے کے باوجود سنیتا اور راجا رام ایک دوسرے سے رابطے میں رہے اور انہوں نے 10 فروری کو گھر سے بھاگ کر مندر میں شادی کرلی جسے بعد میں سنیتا کی فیملی نے قبول کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ رواں ہفتے پیر کے روز راجا رام نشے کی حالت میں گھر آیا اور سنیتا سے لڑنے جھگڑنے لگا، اسی دوران لڑائی اس قدر بڑھ گئی کہ راجا رام نے اپنی نئی نویلی دلہن کو تیز دھار آلے سے حملہ کرکے لہو لہان کردیا جس سے سنیتا کی موت موقع پر ہی واقعہ ہوگئی۔
پولیس کے مطابق راجا رام نے سنیتا کو قتل کرنے کے بعد اپنے سسرال والوں کو اس کی موت سے آگاہ کیا اور فرار ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ سنیتا کے والدین کی جانب سے شکایت درج کی گئی اور بتایا کہ راجا رام نشے کا عادی تھا، دونوں کے درمیان آئے روز جھگڑا رہتا تھا اور وہ سنیتا کو مارتا پیٹتا رہتا تھا۔
پولیس کے مطابق والدین کی شکایت پر آیف آئی آر درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔