25 مارچ ، 2024
کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز بے قابو ہوگئے اور سرجانی ٹاؤن میں موبائل فون چھیننے میں مزاحمت پر نوجوان کو قتل کردیا گیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) غربی حفیظ الرحمان بگٹی کے مطابق نوجوان زوہیب افطار کیلئے ماموں کےگھر آیا ہوا تھا، موٹرسائیکل سوار ملزمان نے زوہیب سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایاکہ مزاحمت پرملزمان نے فائرنگ کردی جس سے ایک گولی زوہیب کے سینے پر لگی، اسے زخمی حالت میں اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم پستول کاخول ملاہے جسے فارنزک لیبارٹری بھی بھیج دیا گیا۔
فائرنگ سے زوہیب کی جیب میں رکھے موبائل فون کو بھی نقصان پہنچا۔ مقتول زوہیب لیاقت آباد کا رہائشی تھا اور فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے سرجانی میں نوجوان کے قتل کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے ایس ایچ اوسرجانی کو فوری معطل کرنیکےاحکامات جاری کردیے اور ایس ایس پی ویسٹ سے ایس ایچ او کا سابقہ اور حالیہ ریکارڈ طلب کرلیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں دوسرا نوجوان ڈاکوؤں کا نشانہ بنا ہے۔ گزشتہ روز نارتھ کراچی کی بلال کالونی میں ڈکیتوں نے مزاحمت پر نوجوان کی جان لے لی تھی۔