Time 07 جولائی ، 2024
دنیا

غلاف کعبہ کی تبدیلی کے روح پرور مناظر کی ویڈیو جاری

مکہ مکرمہ: نئے اسلامی سال کے آغاز کے ساتھ ہی غلاف کعبہ کو تبدیل کردیا گیا،  حرمین  شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی نے غلاف کعبہ کو تبدیل کرنےکی ویڈیو جاری کی ہے۔

مسجد الحرام میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔کسوہ فیکٹری سے غلاف کعبہ کو  مسجد الحرام منتقل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 13 سو کلو گرام وزنی غلاف کعبہ پر 20 ملین ریال لاگت آئی ہے، یہ 98 سینٹی میٹر چوڑا اور 14 میٹر اونچا ہے۔ غلاف کعبہ کی تیاری میں 159 کاریگروں نے حصہ لیا۔

غلاف کعبہ 670 کلوگرام خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے۔ غلاف کعبہ پر 120 کلو سونا اور ایک سو کلو گرام چاندی سے آیات قرآنی کو کندہ کیا گیا ہے۔

خیال رہےکہ 2022 سے غلاف کعبہ کی تبدیلی کی سالانہ تقریب نئے اسلامی سال کے پہلے دن ہورہی ہے۔ اس سے قبل غلاف کعبہ  ہر سال حج کے دوران 9 ذی الحجہ کی صبح کو حجاج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا رہا ہے جب مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔


مزید خبریں :