11 اگست ، 2024
بنگلادیش نے دورہ پاکستان کیلئے 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
بنگلادیش ٹیسٹ ٹیم کی قیادت نجم الحسن شنتو کریں گے۔ اسکواڈ میں محمود الحسن، ذاکر حسین، شادمان اسلام، مومن الحق، مشفیق الرحیم، لٹن کمار داس، مہدی حسن، تیجل الاسلام، نعیم حسن، ناہید رانا، شریف الاسلام، حسن محمود اور سید خالد محمود شامل ہیں۔
فاسٹ بولر تسکین احمد اور عوامی لیگ کے رہنما شکیب الحسن بھی بنگلادیش اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق شکیب الحسن امریکا سے پاکستان پہنچیں گے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے، پہلا ٹیسٹ21 اگست سے راولپنڈی اور دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کراچی میں شروع ہوگا۔
واضح رہےکہ شکیب الحسن حال ہی میں تحلیل شدہ پارلیمنٹ میں حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ کی جانب سے رکن تھے۔ حسینہ واجد حکومت کے خاتمےکے بعد عوامی لیگ کے بیشتر رہنما ذاتی حفاظت کے لیے روپوش ہوگئے ہیں، اسی لیے دورہ پاکستان کے حوالے سےکرکٹ کے حلقوں میں شکیب الحسن کا موضوع زیر بحث تھا اور قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ شکیب الحسن اسکواڈ میں شامل ہوں گے یا نہیں۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق شکیب موجودہ سیاسی حالات میں ڈھاکا آنے کو تیار نہیں ہیں اور انہوں نے بی سی بی کو کہا ہےکہ وہ ڈھاکا میں اسکواڈ کے ساتھ پاکستان کا سفر کرنے کے بجائے براہ راست کینیڈا سے پاکستان پہنچنا چاہتے ہیں۔