03 دسمبر ، 2024
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے بلوچستان میں ریاست مخالف مواد شیئر کرنے میں ملوث سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کرکے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو تفصیلات فراہم کردیں۔
ایف آئی اے کے اعلامیے کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بلوچستان زون کے ڈائریکٹر عمران محمود کی سربراہی میں ایف آئی اے نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ اور تجزیے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی کی۔
اعلامیے کے مطابق خصوصی ٹیم نے تین ماہ کے دوران ریاست مخالف مواد شیئر کرنے میں ملوث 924 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کرکے مذکورہ اکاؤنٹس کے حوالے سے پی ٹی اے کو تفصیلات فراہم کردی ہیں۔
ایف آئی اے کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ رپورٹ کردہ اکاؤنٹس میں 487 فیس بک، 190 ٹک ٹاک، 147 ایکس، 88 انسٹا گرام اور 12 دیگر ایپلی کیشنز کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم بلوچستان نے 28 مختلف سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کی نشاندہی بھی کی ہے جنہیں ریاست مخالف عناصر کے ذریعے گمنام رابطوں اور پروپیگنڈا کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے 312 اکاؤنٹس کو بلاک کردیا جبکہ ریاست مخالف 14عناصر کیخلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا۔