18 دسمبر ، 2024
کراچی: سندھ حکومت نے اوگرا کی جانب سےگیس کی قیمت بڑھانےکا فیصلہ مسترد کردیا۔
ایک بیان میں صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نےکہا کہ مہنگائی کے پسے عوام میں مزید بوجھ اٹھانےکی سکت نہیں ہے۔ وفاقی حکومت اوگرا کے فیصلے پر عملدرآمد سے قبل صوبوں سے مشاورت کرے۔
خیال رہےکہ اوگرا نےگزشتہ روز رواں مالی سال کے لیے گیس کی قیمت بڑھانے کی منظوری دی تھی۔
اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سوئی ناردرن کے لیے گیس کی قیمت میں 8.71 فیصد جب کہ سوئی سدرن کے لیے گیس کی قیمت میں 25.78 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
اوگرا کے مطابق سوئی ناردرن کے لیے گیس کی اوسط قیمت 1778روپے 35 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے جب کہ سوئی سدرن کے لیے گیس کی اوسط قیمت 1762 روپے 51 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھیج دیا گیا ہے،گیس کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی ایڈوائس کے بعد ہوگا۔