24 مارچ ، 2025
بھارت کے شہر چنئی میں پیدا ہونے والے دلیپ کمار( آج کےموسیقار اے آر رحمان) نے اپنے موسیقار والد شیکھر کی موت کے کئی برس بعد اسلام قبول کیا تھا جس کے بعد ان کا نام اللہ رکھا رحمان رکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان نے 23 سال کی عمر میں اسلام قبول کیا تھا۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کو سن 2000 میں دیے گئے انٹرویو میں اے آر رحمان نے بذات خو دبتایا تھا کہ انہوں نے روحانی راستے کی تلاش میں اسلام قبول کیا اور انہیں اس فیصلے سے بے حد سکون ملا۔
حال ہی میں بھارت کے فلم ساز راجیو مینن نے اے آر رحمان کے اسلام قبول کرنے کے فیصلے سے متعلق بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ’ایک ایسا وقت بھی تھا جب وہ ( اے آر رحمان ) ہندی نہیں جانتے تھے اس لیے میں ان کا مترجم بن گیا، میں نے ان کی مذہب و عقیدے کی طرف منتقلی کا یہ دور دیکھا۔‘
فلم ساز راجیو مینن نے بتایا کہ ’حتیٰ کہ میں نے اے آر رحمان کو ان کے خاندان کے اندر سے بہت زیادہ دباؤ کا سامنا کرتا پایا، خاص طور پر ان کی بہنوں کی شادیوں کے وقت لیکن موسیقی نےاسے اس طوفان کا مقابلہ کرنے میں مدد کی‘۔
سنیماٹوگرافر نے مزید بتایا کہ’اے آر رحمان کے اس مشکل وقت میں موسیقی نے ان کی مدد کی جس کا اعتراف وہ خود بھی کرتے ہیں کہ موسیقی نے اسے بھولنے میں مدد کی، مزید یہ کہ اے آر رحمان کے اسلام قبول کرنے سے ہمیں ہندوستانی موسیقی اور قوالیوں کو دریافت کرنے میں مدد ملی‘۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد اے آر رحمان کثیر العقائد پر مبنی گھرانے میں مقیم رہے، اے آر رحمان کی والدہ ہندو مذہب پر عمل کرتی تھیں جب کہ ان کے گھر میں دیگر عقائد کی کتابیں اور تصاویر رکھی ہوتی تھیں۔