19 جنوری ، 2012
کراچی…رفیق مانگٹ… ہر پانچ میں سے ایک امریکی ذہنی مریض ہے ۔ پانچ کروڑ امریکی مختلف اقسام کی دماغی امراض کا مبتلا ہیں،مردوں کی نسبت خواتین زیادہ اور پیچیدہ دماغی بیماریوں کا شکار ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے نے ایک امریکی سرکاری رپورٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ گزشتہ برس 5کروڑ(50 ملین(امریکی ذہنی مریض تھے۔ بچوں اور خواتین سمیت ہرپانچ میں سے ایک امریکی کسی نہ کسی ذہنی مرض کا شکار پایا گیا ۔ مردوں کی نسبت عورتوں کو ایک سے زائد دماغی بیماریوں کا سامنا ہے۔23فی صد خواتین کے مقابلے میں16.8فی صد مرد اس عارضے کا شکار پائے گئے۔ جبکہ50برس سے زائد العمر افراد کی نسبت 18 سے 25برس کی عمر کے لوگوں میں یہ بیماری دگنی شرح میں موجود ہے۔ سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایک کروڑ 14لاکھ امریکیوں میں دماغی عارضہ شدید نوعیت کا پایا گیا جس میں انکی زندگیاں ختم ہو سکتیں ہیں یہ شرح کل آبادی کا5فی صد ہے۔گزشتہ برس87لاکھ امریکیوں میں خود کشی کا رجحان انتہائی شدید نوعیت کا پایا گیا۔25لاکھ امریکیوں نے خودکشی کا منصوبہ بنایا جب کہ 11لاکھ نے خودکشی کی کوشش کی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 12 سے17برس کے 19لاکھ کے نوعمر امریکی ڈیپریشن کا شکار پائے گئے۔ یہ رپورٹ امریکا بھر میں12 برس سے زائد عمر کے 6لاکھ75 ہزارافراد پر سروے کے بعد مرتب کی گئی۔