24 مارچ ، 2012
کوئٹہ … محکمہ تعلیم بلوچستان نے صوبہ میں پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے نئے تعلیمی سال کے موقع پر فیسوں میں بلاجواز بھاری اور من مانے اضافے کا نوٹس لے لیا، ڈائریکٹر ایجوکیشن اسکولز نے فیسوں میں اضافے کے خلاف صوبہ بھر میں قائم تمام پرائیویٹ اسکول آپریٹرز کو نوٹس جاری کردیا۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن اسکولز بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں پرائیویٹ اسکول آپریٹرز کوہدایت کی گئی ہے کہ پرائیوٹ اسکولز فیسوں میں کیے گئے اضافے کو فوری طور پر واپس لیں بصورت دیگر متعلقہ اسکولز کی رجسٹریشن معطل کردی جائے گی۔ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر اسکولوں کی انتظامیہ سمجھتی ہے کہ ان کے ہاں دستیاب سہولتوں کے مطابق فیس میں اضافہ ناگزیر ہے تو وہ اپنا کیس مکمل تفصیلات کے ساتھ نظامت تعلیم میں پیش کریں جس کا جائزہ لینے کے بعد مناسب فیصلہ کیا جائے گا، تاہم موجودہ بلاجواز اضافہ و بلااجازت اضافہ ناقابل قبول ہے۔ نوٹس میں ڈائریکٹر اسکولز کی جانب سے پرائیویٹ اسکولوں کے پرنسپل اور آپریٹرز کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اسکولوں کی کلاس وائز انرولمنٹ اور تعینات اساتذہ کی تفصیل بمعہ دیگر تفصیلات 15روز میں نظامت تعلیم اسکولز کو ارسال کردیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کوئٹہ میں پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ماہانہ فیسوں میں 15 سے 30فیصدتک اضافہ کردیاگیاتھا۔