24 مارچ ، 2012
لاہور … لاہور میں بدترین، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں اور تاجروں نے جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کیے، تاجروں نے دفعہ 144کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مال روڈ پر ٹریفک جام کر دیا ۔ مال روڈ لاہور پر تاجروں کے احتجاجی مظاہرے کی قیادت صدر انجمن تاجران ہال روڈ بابر محمود نے کی ۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ٹائر جلا کر ریگل چوک بلاک کر دیا ۔ لوڈشیڈنگ سے پریشان شہریوں نے بجلی کے بل نذر آتش کر دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کے باعث وہ ذہنی مریض بن گئے ہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ شیڈول جاری نہ ہونے پر پیر سے تاجر روزانہ مال روڈ پر احتجاجی مظاہرے کریں گے۔