پاکستان
24 مارچ ، 2012

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق، 4 زخمی

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق، 4 زخمی

کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں باپ، بیٹا وکلاء اور ایک پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملیر سٹی کے علاقے سے صلاح الدین حیدر ایڈووکیٹ اپنے بیٹے علی رضا حیدر ایڈووکیٹ کے ساتھ صبح 9 بجے گھر سے کورٹ جانے کیلئے رکشے میں نکلے ہی تھے کہ ملیر غازی ٹاوٴن میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں ابتداء میں رکشہ ڈرائیور نے ایمبولینس تک پہنچایا اور پھر ریسکیو ورکرز نے جناح اسپتال پہنچایا تاہم اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دونوں جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ دوسری جانب مہاجر قومی موومنٹ کے عہدیدار آفتاب احمد کے مطابق لانڈھی 89 کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایم کیو ایم کا ایک کارکن منور اور دو پولیس اہلکار حبیب اللہ اور فیصل زخمی ہوگئے، زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایم ایل او جناح اسپتال ڈاکٹر جگدیش کے مطابق زخمی پولیس کانسٹبل فیصل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔ اس کے علاوہ ملیر کے علاقے صدیق گوٹھ میں 2 گروپوں میں تصادم ہواجس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوئے، جبکہ سعدی ٹاوٴن کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص بھی ہلاک ہوا۔

مزید خبریں :