24 مارچ ، 2012
کراچی … آزاد کشمیر، پنجاب اور کراچی سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں نے متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ کراچی میں نائن زیرو پر میرپور آزاد کشمیر کے صنعتکار طارق محمود قریشی، کراچی چیمبر آف کامرس کے حفیظ عزیز اور مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے صنعت کار ریاض اعوان نے شمولیت اختیار کی۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کے ساتھ نیوز کانفرنس سے خطاب میں صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ہی ملک کے حقیقی نجات دہندہ ہیں اور پاکستان کو سونامی کی نہیں خوشحال انقلاب کی ضرورت ہے، اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا کہ الطاف حسین کی معاشی بصیرت ہی غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمولیت اختیار کرنے والے صنعت کار ایم کیو ایم کی معاشی ٹیم کا حصہ بن کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔