09 جولائی ، 2014
کوئٹہ .....بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کا 12سال کا محمدسلیم مسیحا کا منتظر ہے،اُس کے دل میں تین سوراخ ہیں، غریب باپ علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا، ماں کا ارمان ہے کہ بچہ ہنستا کھیلتا رہے۔ محمد سلیم بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ایک محنت کش کے گھر میں پیدا ہوا،وہ پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بننا چاہتا تھااور اپنے باپ کے بڑھاپے کا سہارا بننا چاہتا تھا،لیکن قسمت کے کھیل نرالے ۔ محمدسلیم کو 12 سال کی عمر میں معلوم ہوگیاکہ اس کے دل میں موجود تین سوراخ اس کے خوابوں کی تعبیر میں رکاوٹ ہیں۔ اب وہ مخیرلوگوں کی طرف دیکھ رہا ہے اور اپیل کر رہا ہے کہ اس کی مدد کی جائے ۔غربت کے ہاتھوں مجبور باپ محمدسلیم کو لمحہ لمحہ موت کی طرف بڑھتا دیکھ رہا ہے۔ علاج کرانے کی حیثیت نہیں ۔ ماں کا ارمان ہے کہ کوئی مسیحا آکر اس کے بیٹے کی بیماری دور کردے۔رمضان المبارک انسانیت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے، اس پیغام پر عمل کیا جائے تو محمدسلیم کا علاج اور اس کے ماں باپ کی خوشیاں ممکن بنائی جاسکتی ہیں۔