25 جنوری ، 2012
پشاور…سرحد رورل سپورٹ پروگرام نے ضلع دیر کے دور افتادہ علاقے بیاڑ میں ڈسپنسری تعمیر کرکے محکمہ صحت کے حوالے کردیا۔ ادارے نے علاقے میں ایک بجلی گھر اور سیلاب سے تباہ شدہ پل کی تعمیر کا بھی اعلان کیا ہے۔ضلع دیر کے شدت پسندی سے متاثرہ علاقے بیاڑ کوہستان میں سرحد رورل سپورٹ پروگرام نے ایک جدید ڈسپنسری قائم کی ہے۔ زمین کیلئے اراضی مقامی لوگوں نے عطیے کے طور پر دی تھی، ایس آر ایس پی نے مقامی لوگوں کے اشتراک سے بائیس لاکھ روپے کی لاگت سے نہ صرف تین کمروں پر مشتمل جدید عمارت تعمیر کرائی بلکہ وہاں فرنیچر اور ادویات بھی فراہم کی ہیں۔ بیاڑ میں ایک تقریب کے دوران ڈسپنسری کی چابیاں ای ڈی او ہیلتھ دیر بالا کے حوالے کردی گئیں۔ تقریب سے ایم پی اے بادشاہ صالح، ڈی سی او غلام محمد، پروگرام منیجر ایس آر ایس پی نور عجب اور ای ڈی او ہیلتھ نے بھی خطاب کیا۔