22 اپریل ، 2015
ٹوکیو.........اتنی تیز رفتار ٹرین جو پلک جھپکتے میں آپ کو منزل پر پہنچا دے۔ حیران ہونے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ جنات نہیں بلکہ جاپان کی تیز رفتار بلٹ ٹرین اس میں آپکی مدد کرے گی۔ جاپانی ریلوے فرم نے مقناطیسی ٹیکنالوجی سے آراستہ فلوٹنگ ٹرین کے ماڈل کا آزمائشی سفر کامیابی سے مکمل کر دکھایا ہے، جس نے 603کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز ترین رفتار پکڑ کر 12سالہ عالمی ریکارڈ توڑ ڈالا۔ جاپانی شہر تسورو میں آزمائشی مقاصد کے لیے چلائی گئی، اس ٹرین میں 49مسافر سوار تھے، جس نے 1.8کلو میٹر روٹ پر سفر 603کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پلک جھپکتے میں عبور کر لیا۔ واضح رہے کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام سے آراستہ 92فٹ لمبی اس بلٹ ٹرین میں 16کمپارٹمنٹس ہیں۔ جس میں 1ہزار مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور اسے 2027تک عام عوام کے سفر کے لیے پیش کردیا جائیگا۔ پہلے مرحلے میں انہیں ہائی اسپیڈ فلوٹنگ ماگلیو ٹرینوں کو ٹوکیو سے ناگویا روٹ پر چلایا جائیگا، جس کے ذریعے 360کلومیٹر طویل سفر 90منٹ کے بجائے صرف 40منٹ میں طے ہو پائے گا۔