’وزیراعظم کو اگر چیئرمین سینیٹ پر اعتراض ہے تو انتخاب چیلنج کریں‘


اسلام آباد: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ وزیراعظم کا چیئرمین سینیٹ سے متعلق بیان افسوسناک ہے انہیں اگر چئیرمین پر اعتراض ہے تو وہ سینیٹ کے انتخاب کو چیلنج کریں۔

اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے 2013 کے انتخابات سے سیکھا ہے اور مناسب تیاری بھی کررہے ہیں، امید ہے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ایسے نگران وزیراعظم کا انتخاب کریں گے جس پر سب کواعتماد ہو اور ان میں شفاف الیکشن کرانے کا جذبہ ہو۔

شاہ محمود قریشی نے چیئرمین سینیٹ سے متعلق وزیراعظم کےبیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو اپنا بیان واپس لینا چاہیے، چیئرمین سینیٹ منتخب ہیں، وزیراعظم نے بیان دے کر مختلف صوبوں سے سینیٹر منتخب ہونے والے 57 سینیٹرز کا استحقاق مجروح کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وفاق کی علامت ایوان پر حملہ کیا ہے، انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہیے، اس بیان سے بلوچستان کے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو چیئرمین سینیٹ پر اعتراض ہے تو سینیٹ کے انتخابات کو چیلنج کریں، وہ کہہ رہے ہیں خریدو فروخت ہوئی ہے، اس پر الیکشن کمیشن دعوت دے رہا ہے تو پھر اسے ثبوت فراہم کیے جائیں۔

وزیراعظم کے دورہ امریکا سے متعلق انہوں نے کہا کہ شاہدخاقان عباسی ملک کے منتخب وزیراعظم ہیں، ان کی امریکا میں سیکیورٹی چیکنگ کی مذمت کرتا ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ملک دیوالیہ کے قریب ہے اور اسحاق ڈار کہتے رہے ملکی معشیت مستحکم ہو رہی ہے۔

مزید خبریں :