18 اکتوبر ، 2019
کراچی میں ڈینگی کا شکار ایک لڑکی انتقال کر گئی جس کے بعد اب تک ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔
ذرائع محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی کا شکار نارتھ کراچی کی رہائشی 20 سالہ لڑکی کو گزشتہ ہفتے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ دم توڑ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈینگی کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور اب تک امسال ڈینگی سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں رواں سال ڈینگی متاثرین کی تعداد 6147 ہوگئی ہے جب کہ کراچی میں رواں سال ڈینگی متاثرہ افراد کی تعداد 5766 ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف اکتوبر میں سندھ میں 2930 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے جس میں سے 2723 کا تعلق کراچی سے ہے۔
دیگر صوبوں کی صورتحال
دوسری جانب پنجاب میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 229 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں برس صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 6 ہزار 302 ہوگئی۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 176، لاہور میں 20، بھکر اور سرگودھا میں 4 ،4 اور اٹک اور نارووال میں 3،3 مریض سامنے آئے ہیں۔
صوبے کے اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کےزیرِ علاج مریضوں کی تعداد 486 ہے جن میں سے 8 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
کوئٹہ میں بھی ڈینگی سے متاثرہ نئے مریض سامنے آرہے ہیں اور رواں ماہ کے دوران اب تک 9 افراد کو فاطمہ جناح اسپتال میں لایا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی سے متاثرہ ایک مریض کو داخل کیا گیا تھا اور اس وقت اسپتال میں 3 مریض زیرعلاج ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔
خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے اب تک 5 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔