08 جنوری ، 2020
کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (کے ایم ڈی سی) کے طلبہ کی فلاحی تنظیم 'ہوپس' کے زیر اہتمام 'پانچویں ہیلتھ ایکسپو' کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات کے ساتھ شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں منقعد کی جانے والی 'ہیلتھ ایکسپو' اس سلسلے کی پانچویں سالانہ نمائش تھی۔
طلبہ تنظیم کے مطابق اس سال ہونے والی 'ہیلتھ ایکسپو ' کا بنیادی مقصد لوگوں میں صحت مند زندگی گزارنے کے بنیادی اصولوں سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
نمائش میں شہر کے معروف اور تجربہ کار ڈاکٹروں ، طبی ماہرین اور دوائیں بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں نے عوام کو صحت و تندرستی کے عام اور سادہ طریقوں کے ساتھ بیماریوں سے بچاؤ کی تدابیر سے متعلق آگہی فراہم کی۔
نمائش میں ماہر ڈاکٹروں کو مدعو کیا گیا تھا تاکہ عوام اور معالج کے درمیان براہ راست مفت مشورے کو یقینی بنایا جا سکے۔
ہیلتھ ایکسپو میں عوام کی بڑی تعداد نے مفت میڈیکل چیک اپ اور بیماری سے متعلق مفید مشورے کے ساتھ خون کے تقریباً تمام ٹیسٹ مفت کروانے کی سہولت سے فائدہ اٹھایا۔
نمائش میں صحت سے متعلق پوسٹرز اور پینٹنگز بنانے کے مقابلے کے علاوہ ہیلتھ کیرئیر ورک شاپ کا انعقاد بھی کیا گیا۔
ہیلتھ ایکسپو میں مختلف دوا ساز کمپنیوں نے اپنے اسٹال بھی لگائے جہاں سے مریضوں کو دوائیں فراہم کی گئیں۔
میڈیکل کالج کے طلبہ کی جانب سے بنائی گئی یہ این جی او کراچی کے عباسی شہید اسپتال اور کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے علاوہ کئی مقامات پر عوام کو مفت ادویات فراہم کرتی ہے۔