کراچی آرٹس کونسل میں پہلی خواتین کانفرنس کے انعقاد کا اعلان

دوروزہ ’پہلی خواتین کانفرنس‘ 6 اور 7 مارچ کو آرٹس کونسل کراچی میں منعقد ہوگی— فوٹو: اسکرین شاٹ

کراچی آرٹس کونسل میں پہلی خواتین کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوروزہ ’پہلی خواتین کانفرنس‘ 6 اور 7 مارچ کو آرٹس کونسل کراچی میں منعقد ہوگی۔

صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہمیں اپنی معاشرتی قدروں کے اندر رہتے ہوئے معاشرے میں عورت کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو اُجاگر کرنا اور ناانصافیوں کی روک تھام کی جدوجہد کرنی چاہیے۔

آرٹس کونسل کراچی میں صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں شہلا رضا، معروف ڈرامہ رائٹر حسینہ معین، انیس ہارون، صادقہ صلاح الدین کے ہمراہ ”فرسٹ ویمن کانفرنس“ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب میں احمد شاہ نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان کی 10 کروڑ سے زائد خواتین کی کانفرنس ہے، ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی سے کام کررہی ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں شہلا رضا نے کہا کہ ہمیں مل کر خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانی ہو گی، ہمارے ہاں قانون اتنے زیادہ ہیں اُن پر عمل درآمد کے لیے ہمیں سوچنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے چھوٹی عمر میں شادی کے نقصانات، خواتین کی تعلیم سے دوری، معاشرے میں عورت کا مقام اور دیگر موضوعات پر مہم بھی چلائی ہے۔

ڈرامہ نگار حسینہ معین نے کہا کہ عورتوں کو کبھی خوفزدہ اور دہشت زدہ نہیں ہونا چاہیے، خواتین اپنے اندر حوصلہ، ہمت اور طاقت پیدا کریں، عورت کوئی شے نہیں ان کی اپنی ایک شناخت ہونی چاہیے۔

انیس ہارون نے کہاکہ خواتین پر تشدد ختم ہونا چاہیے، ویمن کانفرنس میں ہم پورے پاکستان کی خواتین کی بات کرنا چاہتے ہیں۔

ویمن کانفرنس کی افتتاحی تقریب کا آغاز آئی اے رحمان اور جسٹس (ر) ناصرہ اقبال کے کلیدی نوٹ سے کیا جائے گا، جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ابتدائیہ کلمات پیش کریں گے۔

مزید خبریں :

بھینس کا قومی دن

بھینس کا قومی دن

02 مارچ ، 2021